دہلی : ترمیمی بل کے ممکنہ اثرات پرمیرواعظ عمر فاروق نے کیا دلی میں جمعیۃ علماء ہند سے ملاقاتBody:میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق جو ان دنوں نئی دہلی میں ہیں نے آج جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید محمود مدنی سے ملاقات کی۔ میرواعظ کے ساتھ دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے سربراہ اور بزرگ عالم دین مولانا رحمت اللہ میر القاسمی بھی موجود تھے۔
میٹنگ کے دوران رہنماؤں نے مجوزہ وقف ترمیمی بل کے اثرات اور وقف املاک کی خود مختاری اور انتظام پر اس کے ممکنہ اثرات سے متعلق خدشات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے وقف اداروں اور مسلم کمیونٹی کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ میرواعظ نے مولانا مدنی کو جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ میر واعظ ہندوستان کے دیگر سرکردہ مذہبی اور سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ انہیں مجوزہ بل سے متعلق مسلم کمیونٹی کے خدشات اور جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جاسکے۔
حال ہی میں میرواعظ محمد عمر فاروق کی قیادت میں مجلس متحدہ علما نے پارلیمانی کمیٹی کے سامنےمجوزہ وقف( ترمیمی بل) سے متعلق یاداشت پیش کی ۔جس میں مجوزہ وقف ایکٹ میں ترامیم گہری تشویش اور سخت اعتراضات کا اظہار کیا گیا ہے ۔انہوں نے اپنی یاداشت میں لکھا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ترامیم مسلم کمیونٹی کے مفادات کے خلاف ہیں اور تمام تسلیم شدہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔ وقف کی جائیدادیں مسلمانوں کی ذاتی ملکیت ہوتی ہیں جو اللہ کے نام پر اپنے معاشرے کی بہتری اور محروم طبقے کی مدد کے لیے وقف کی جاتی ہیں۔ ایسے مذہبی سماجی اداروں کو ریاست کی کم سے کم مداخلت کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم حکومت کی طرف سے مجوزہ ترامیم اس ادارے کی خودمختاری اور فعالیت کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔