کولکاتہ:ترنمول کانگریس نے منگل کے روز مغربی بنگال میں ای ڈی کی مربوط تلاشیوں کو انتقام کی سیاست اور بی جے پی کی طرف سے مایوس کن چال قرار دیا۔ ٹی ایم سی نے ای ڈی کی کارروائیوں کو ریاست کے واجبات کی منظوری کا مطالبہ کرنے والے ٹی ایم سی کے جاری دھرنے سے توجہ ہٹانے کی سازش قرار دیا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کی صبح مغربی بنگال میں متعدد مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے ہیں۔ ایم جی نریگا فنڈز کے مبینہ غبن کی تحقیقات کے سلسلے میں ای ڈی نے کچھ ریاستی افسران کی رہائش گاہوں پر چھاپہ ماری کی ہے۔
سینئر ٹی ایم سی لیڈر ششی پنجا نے زور دے کر کہا کہ، "یہ ٹی ایم سی کے جاری دھرنے سے عوام اور میڈیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے جس میں ریاست کے واجبات کی منظوری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ انتقامی سیاست کی واضح مثال ہے۔"
تاہم مغربی بنگال بی جے پی نے ٹی ایم سی کے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ بی جے پی لیڈر سمیک بھٹاچاریہ نے کہا کہ، "حقیقت یہ ہے کہ ٹی ایم سی بدعنوانی میں بہت گہرائی تک پہنچ چکی ہے، تقریباً ہر لیڈر کو بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔"