امیٹھی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آج سے امیٹھی میں انتخابی تشہیر شروع کرنے جا رہی ہیں۔ اس پر عہدیداروں سمیت کارکنان کافی پرجوش ہیں۔ گوری گنج میں واقع کانگریس دفتر میں اتوار سے ہی تیاریاں چل رہی تھیں۔ تقریباً 11.30 بجے دفتر کے باہر کئی کاریں کھڑی تھیں۔ اس دوران کچھ شرپسندوں نے ان گاڑیوں پر حملہ کر دیا۔ ایک کے بعد ایک 12 گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔ عام لوگوں کی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں کار میں بیٹھا ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔
اس بار گاندھی خاندان کا کوئی فرد امیٹھی سے الیکشن نہیں لڑ رہا ہے۔ کشوری لال شرما یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وہ گاندھی خاندان کے بہت قریبی مانے جاتے ہیں۔ پارٹی ہائی کمان نے ان کی حمایت میں پوری طاقت جھونک دی ہے۔ آج سے کانگریس جنرل سکریٹری بھی یہاں ڈیرا ڈالنے والی ہیں۔ اس کی وجہ سے اتوار کی دیر رات تک گوری گنج میں واقع کانگریس دفتر میں کافی سرگرمیاں رہی۔ اس سیٹ پر پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے۔
کانگریس عہدیداروں کے مطابق دفتر کے باہر تقریباً 12 گاڑیاں کھڑی تھیں۔ ان میں سے کچھ کا تعلق عام لوگوں سے بھی تھا۔ تقریباً 11.30 بجے رات کچھ بدمعاش کار سے آئے۔ اس کے بعد انہوں نے ان گاڑیوں کی توڑ پھوڑ شروع کردی۔ انہوں نے تمام گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ اس دوران کار میں بیٹھا ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ کارکنوں نے اسے اسپتال میں داخل کرایا۔ وہ جوائنٹ ڈسٹرکٹ اسپتال میں زیر علاج ہے۔