ابوظہبی/نئی دہلی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دبئی اور دیگر شہروں کا سفر کرنے والے بھارتی شہریوں کو اب ویزا کے لیے مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ بھارتی شہریوں کو اب آن ارائیول ویزا کی سہولت ملے گی۔
متحدہ عرب امارات میں بھارتی ہائی کمیشن نے کہا کہ بھارتی شہریوں اور عام پاسپورٹ رکھنے والے ان کے اہل خانہ کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کے تمام مقامات پر آمد پر ویزا دیا جائے گا۔ یہ ویزا 14 دن کے لیے کارآمد ہوگا۔ اس سے این آر آئیز کو بہت زیادہ فائدہ کی توقع ہے۔
غور طلب ہے کہ بھارتی مسافروں کے لیے متحدہ عرب امارات کی نئی ویزا آن ارائیول پالیسی ان افراد کے لیے داخلے کو آسان بناتی ہے، جن کے پاس امریکہ، برطانیہ یا یورپی یونین کے کسی ملک سے مستقل رہائشی کارڈ یا ویزا ہے۔ یہ تبدیلی بھارتی شہریوں کو متحدہ عرب امارات پہنچنے پر 14 دن کا ویزا آن ارائیول فراہم کرتی ہے۔
یہ فیصلہ بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کے ایک حصے کے طور پر لیا گیا ہے، جہاں اس وقت 3.5 ملین سے زیادہ بھارتی مقیم ہیں۔ اس پالیسی تبدیلی کو دونوں ممالک کے درمیان سفر اور تجارت کے مواقع بڑھانے کی جانب ایک قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔