جھانجھر پور (بہار)مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دعویٰ کیا کہ اگر غلطی سے بھی اپوزیشن ’انڈیا بلاک‘ (انتخابات میں) جیت درج کرتی ہے تو وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اتحاد کے اعلیٰ رہنما آپس میں ہی دست و گریباں ہوں گے۔ ریاست بہار کے جھانجھر پور لوک سبھا حلقہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے دعوی کیا کہ ’’ایم کے اسٹالن، شرد پوار، لالو پرساد یادو اور ممتا بنرجی جیسے رہنما باری باری وزیر اعظم کے لیے ایک سال کے لیے راضی ہو سکتے ہیں اور راہل بابا (راہل گاندھی) کو جو کچھ (مدت) باقی رہتی ہے اس کو قبول کرنے ہی پڑے گا۔
اس صورتحال کے کے برعکس یعنی بی جے پی کی جیت کا حوالہ دیتے ہوئے شاہ نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی تیسری مدت بہار سمیت پورے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور ریاست میں ذات پات کے خاتمے کا باعث بنے گی۔‘‘ شاہ نے دعویٰ کیا کہ ’’مودی کی اقتدار میں واپسی یقینی ہے۔ لیکن، فرض کریں، غلطی سے بھی، اگر انڈیا اتحاد اقتدار میں آیا تو کیا ہوگا؟ کون بنے گا وزیر اعظم؟ کیا یہ اسٹالن، شرد پوار، ممتا بنرجی یا راہول گاندھی ہوں گے؟ وہ سب ایک ایک سال کے لیے ٹاپ پوسٹ شیئر کرنے پر راضی ہو جائیں گے۔ کیا اس طرح ملک چلایا جا سکتا ہے؟‘‘