احمدآباد:راہل گاندھی نے آج گجرات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے راجکوٹ گیمنگ زون حادثے کے متاثرین اور دیگر سے ملاقات کی۔ راہل گاندھی کے دورہ کے موقع پر گجرات کانگریس دفتر پر کانگریس کارکنوں کا جم غفیر جمع ہوا۔ اس موقع پر ای ٹی وی بھارت نمائندہ نے کانگریس کارکنان سے خصوصی گفتگو کی۔ کانگریس کارکنان نے کہا کہ گجرات کانگریس کمیٹی پر جس طریقے سے راہل گاندھی کے بیان کے بعد حملہ کیا گیا کانگریس کمیٹی پر نشانہ بنایا گیا اس کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے آج راہل گاندھی احمد اباد آئے اور احمد آباد میں انہوں نے ہمارے اندر ایک نیا جوش و ولولہ پیدا کیا ہے۔
کانگریس کارکنوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی نے ڈرو نہیں ڈراؤ نہیں کا نعرہ دیا ہے، ہم اس پر قائم رہیں گے ہم اب کسی سے ڈریں گے نہیں، اور گجرات میں بدلاؤ لائیں گے، گجرات میں بہت سارے حادثات ہوئے ہیں، خاص طور سے راجکوٹ گیم زون میں آتشزدگی کا کا معاملہ پیش آیا۔ گیمنگ زون کے متاثرین سے راہل گاندھی نے ملاقات کی۔