نئی دہلی: راجیہ سبھا میں بی جے پی کے چار نامزد ارکان سنیچر کو ریٹائر ہو گئے، جس سے پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں بی جے پی کے ارکان کی تعداد کم ہو کر 86 ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی این ڈی اے کے ارکان کی تعداد 101 رہ گئی ہے۔ اس وقت راجیہ سبھا میں 19 سیٹوں کے خالی ہونے کی وجہ سے کل 226 ممبران رہ گئے ہیں۔ اس کی وجہ سے بی جے پی کے لیے آئندہ بجٹ اجلاس میں بل پاس کرانا آسان کام نہیں ہوگا۔
تاہم، این ڈی اے آئندہ بجٹ سیشن کے دوران سات غیر منسلک اراکین، دو آزاد، اور اتحادیوں جیسے اے آئی اے ڈی ایم کے اور وائے ایس آر سی پی کی حمایت سے اہم بلوں کو ایوان میں پاس کرا سکتا ہے۔ ساتھ ہی، بی جے پی کے لیے یہ ضروری ہو گا کہ وہ نامزد کردہ زمرے کے تحت خالی آسامیوں کو جلد از جلد پُر کرے تاکہ دوسروں پر اپنا انحصار کم کیا جا سکے۔
راکیش سنہا، رام شکل، سونل مان سنگھ اور مہیش جیٹھ ملانی وہ چار نامزد ارکان ہیں جو ہفتہ کو ریٹائر ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ غلام علی نامزد کیٹیگری میں بی جے پی کے ایسے ہی ایک اور رکن ہیں۔ تاہم علی ستمبر 2028 میں ریٹائر ہوں گے۔
صدر جہموریہ نے 12 ارکان کو نامزد کیا:
قابل ذکر ہے کہ صدر جہموریہ حکومت کی سفارش پر 12 ارکان کو راجیہ سبھا کے لیے نامزد کرتے ہیں۔ موجودہ ایوان میں، ان میں سے سات نے خود کو غیر منسلک رکھا (بی جے پی کا حصہ نہیں)، لیکن ایسے اراکین ہمیشہ کسی بھی قانون یا قرارداد کی منظوری میں حکمراں پارٹی کا ساتھ دیتے ہیں۔