رام پور: ایم پی ایم ایل اے کی ایک خصوصی عدالت نے فلم اداکارہ اور سابق رکن پارلیمنٹ جیا پردا کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے میں بری کر دیا ہے۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں جیا پردا نے رام پور سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔
اس وقت انتخابی مہم کے دوران انھوں نے سماجوادی پارٹی کے سینیئر لیڈر اعظم خان کے خلاف توہین آمیز لفظ کا استعمال کیا تھا جس کی وجہ سے کیمری تھانے میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کرایا گیا۔
اس کیس کی سماعت ایم پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت میں چل رہی تھی۔ایم پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے جمعرات کو اپنا فیصلہ سنایا اور جیا پردا کو باعزت بری کر دیا۔
2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران کیمری تھانہ علاقے میں ایک جلسہ عام کے دوران جیا پردا نے ایس پی لیڈر اعظم خان کے بارے میں کہا تھا کہ مایاوتی جب رام پور آئیں تو انہیں ہوشیار رہنا چاہیے۔ کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ اعظم خان کی آنکھیں کہاں جاتی ہیں۔