لکھنؤ: اتر پردیش کی امیٹھی اور رائے بریلی لوک سبھا سیٹوں سے کانگریس کے امیدواروں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ راہل گاندھی رائے بریلی سے جبکہ کشوری لال شرما امیٹھی سے الیکشن لڑیں گے۔ دونوں امیدوار آج کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ راہل گاندھی کی نامزدگی کے موقع پر ماں سونیا گاندھی اور بہن پرینکا گاندھی واڈرا بھی موجود رہیں گی۔
امیٹھی اور رائے بریلی لوک سبھا سیٹوں کے لیے کانگریس کے امیدوار کو لے کر کافی دنوں سے بحث چل رہی تھی۔ اب پارٹی نے ایک پریس ریلیز جاری کر کے دونوں سیٹوں پر صورتحال واضح کی ہے۔ راہل گاندھی رائے بریلی سے سیاسی میدان میں ہوں گے، جب کہ کشوری لال شرما امیٹھی سے الیکشن لڑیں گے۔ شرما نے جمعرات سے ہی امیٹھی لوک سبھا سیٹ کے لیے اپنی امیدواری کا اشارہ دے دیا تھا۔ وہ طویل عرصے تک سونیا گاندھی کے پرسنل سیکرٹری رہے ہیں۔ گاندھی خاندان سے ان کا پرانا رشتہ ہے۔
دوسری جانب، بی جے پی کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی وایناڈ سے الیکشن ہار رہے ہیں، اس لئے انھیں رائے بریلی سے امیدوار بنایا گیا ہے۔
کانگریس قائدین سے موصولہ اطلاع کے مطابق گوری گنج میں کانگریس کے مرکزی دفتر میں تیاریاں جاری ہیں۔ راہل گاندھی کے پوسٹر بھی لگائے گئے ہیں۔ نامزدگی کے دوران روڈ شو کی منظوری بھی انتظامیہ سے لی گئی ہے۔ راہل گاندھی 2004 سے لگاتار تین بار امیٹھی سے رکن پارلیمنٹ رہے ہیں۔ وہ 2019 میں بی جے پی لیڈر اسمرتی ایرانی سے الیکشن ہار گئے تھے۔ اس بار وہ رائے بریلی سے الیکشن لڑنے جا رہے ہیں۔ راہل گاندھی صبح 8.45 بجے دہلی سے روانہ ہوں گے اور صبح 10.30 بجے فرست گنج ہوائی اڈے پر پہنچیں گے۔ یہاں سے وہ سیدھے رائے بریلی جائیں گے۔ اس کے بعد 12.15 سے 12.45 کے درمیان نامزدگی داخل کی جائے گی۔