سلطان پور: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور رائے بریلی سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سلطان پور کے چترام موچی سے کیا گیا وعدہ چوبیس گھنٹے سے بھی کم وقت میں پورا کر دیا ہے۔ جمعہ کو راہل گاندھی نے چیترام سے ملاقات کی تھی اور ان کا حال جاننا چاہا۔ اس دوران چیترام نے مدد کی اپیل کی تھی، جس پر راہل گاندھی نے ہفتہ کو انہیں ایک سلائی مشین تحفے میں دی تھی۔ یہ مشین لکھنؤ سے ایک ٹیم کے ساتھ پہنچی تھی۔
دراصل جمعہ کے روز جب راہل گاندھی کا قافلہ لکھنؤ جاتے ہوئے سلطان پور سے تقریباً 13 کلومیٹر دور کورے بھار کے ایم ایل اے نگر چوراہے پر پہنچا تو ایک موچی کی دکان کو دیکھتے ہی انہوں نے کار روک دی تھی اور نیچے اتر کر سیدھا چیترام موچی کے دوکان پر چلے گئے تھے۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی کو اپنے سامنے دیکھ کر چیترام کی خوشی کی انتہا نہ رہی اور خوشی سے ان کے آنسو چھلک گئے۔ وہ چیترام کے دوکان میں تقریبا 20 منٹ تک رہے۔ گپ شپ کی، سیلفی لی اور چپل کی سلائی کی۔ چیترام موچی نے بتایا کہ راہل گاندھی نے جو جوتا ہم سلائی کر رہے تھے اسے چھوا اور پوچھا کہ اسے کیسے بنایا جاتا ہے۔ اس نے یہ بھی سیکھا کہ گھر کیسے چلایا جاتا ہے۔