نئی دہلی: صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے پیر کو یہاں ایک تقریب میں 67 شخصیات کو پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ایوارڈز سے نوازا ہے۔ دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں تین پدم وبھوشن، آٹھ پدم بھوشن اور 56 پدم شری ایوارڈ پیش کیے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے سابق نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، ڈاکٹر پدما سبرامنیم اور بندیشور پاٹھک کو پدم وبھوشن سے نوازا۔ جبکہ بندیشور پاٹھک کو یہ اعزاز بعد از مرگ دیا گیا ہے۔ ان کی اہلیہ نے صدر جمہوریہ سے یہ اعزاز حاصل کیا۔
جسٹس ایم فاطمہ بی بی (بعد از مرگ)، اداکار متھن چکرورتی، گلوکار اوشا اتھپ، اداکار وجے کانت (بعد از مرگ) اور سابق مرکزی وزیر ستیہ برت مکھرجی کو پدم بھوشن سے نوازا گیا ہے۔ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ کرپوری ٹھاکر کو اعلیٰ ترین اعزاز بھارت رتن سے نوازا گیا۔
پدم بھوشن ایوارڈز حاصل کرنے والی شخصیات
پدم بھوشن سے نوازے جانے والی دیگر شخصیات میں ایچ این کاما (ادب)، سیتارام جندال (بزنس اینڈ انڈسٹری)، ینگ لی (بزنس اینڈ انڈسٹری)، اے بی مہتا (طب)، رام نائک (عوامی امور)، تیجس مدھوسودن پٹیل (طب)، سابق مرکزی وزیر او راج گوپال (عوامی امور)، دتاتریہ امباداس مائیلو (فنون)، توگدن رنپوچھے ( روحانیت بعد از مرگ)، پیارے لال شرما (آرٹس)، چندرویشور پرساد ٹھاکر (طب) اور کندن ویاس (ادب) شامل ہیں۔
اس موقع پر نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور کئی معززین بھی تقریب میں موجود تھے۔
ایوارڈز پانے والی چند مسلم شخصیات
- ڈاکٹر ظہیر قاضی
ممبئی کے مشہور و معروف تعلیمی، سماجی اور ثقافتی ادارہ انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمونے آج یہاں راشٹرپتی بھون کے اشوکا ہال میں پدم شری کے اعزاز سے نوازا۔ انہیں تالیوں کی گونج میں یہ اعزاز دیا گیا۔ ڈاکٹر ظہیر قاضی کو گزشتہ 75 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پدم شری کے اعزازکے لیے نامزد کیاتھا۔ مہاراشٹر کی 10 اہم شخصیات میں ڈاکٹر ظہیر قاضی بھی شامل ہیں جو کہ 14 برس سے انجمن اسلام کے صدر کی حیثیت سے سرگرم ہیں۔ وہ 40 برس سے تعلیم کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ امسال ادارہ انجمن اسلام اپنے قیام کے 150سال مکمل کر رہا ہے۔
- ایم فاطمہ بی بی