پٹنہ: بھوجپوری اسٹار پون سنگھ نے آسنسول سے بی جے پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا الیکشن لڑنے سے انکار کردیا ہے۔ اس وقت ترنمول کانگریس کے لیڈر شتروگھن سنہا آسنسول سیٹ سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ اس بارے میں پون سنگھ نے سوشل میڈیا پر ٹکٹ دینے پر بی جے پی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، پارٹی نے مجھ پر اعتماد کیا اور مجھے آسنسول کا امیدوار نامزد کیا، لیکن کسی وجہ سے میں آسنسول سے الیکشن نہیں لڑ سکوں گا۔
ذرائع کے مطابق یہ بھی خبر گردش کر رہی ہے کہ پون سنگھ بہار کی آرا لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑنا چاہتے تھے اور اس بارے میں انھوں نے کئی دفعہ عوامی طور پر اپنی خواہش کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے علاقے سے الیکشن لڑیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ لوک سبھا الیکشن ہے، کوئی شخص بھارت میں کہیں سے بھی الیکشن لڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی وزیر توانائی آر کے سنگھ فی الحال آرا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ ہیں اور اس بار بھی انہوں نے اپنا دعویٰ پیش کیا ہے۔ جس کی وجہ سے بی جے پی نے پون سنگھ کو آسنسول منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور ٹکٹ کا اعلان بھی کر دیا تھا، لیکن اب پون سنگھ کے انکار کے بعد بی جے پی کے لیے ایک نئی مشکل کھڑی ہو سکتی ہے۔