نئی دہلی: مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کو اپنے ایرانی اور اسرائیلی ہم منصبوں سے بات چیت کی۔ ایس جے شنکر نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے بات کی اور سترہ ہندوستانی افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ پرتگالی پرچم والے کارگو جہاز میں 17 ہندوستانی شہری سوار تھے۔ ایران-اسرائیل دشمنی پر جے شنکر نے فون پر بات چیت کے دوران کشیدگی سے بچنے، تحمل سے کام لینے اور سفارت کاری کے راستے پر واپس آنے پر زور دیا۔
ہندوستان ایران کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ہندوستانی کنٹینر جہاز کی رہائی کو محفوظ بنایا جا سکے جسے ایرانی فوج نے ہفتہ کو آبنائے ہرمز کے قریب سے پکڑ لیا تھا۔ جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ "آج شام ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان سے بات کی۔ کارگو جہار کے 17 ہندوستانی عملے کے ارکان کی رہائی کا معاملہ اٹھایا"۔ جے شنکر نے کہا کہ "خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ کشیدگی سے بچنے، تحمل سے کام لینے اور سفارت کاری کی طرف واپس آنے کی اہمیت پر زور دیا۔ رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا"۔
وزیر خارجہ جے شنکر کی اسرائیلی وزیر خارجہ سے بات
مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کی شام کو اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز سے بھی بات کی اور کشیدگی سے بچنے کا مشورہ دیا۔ جے شنکر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "اسرائیل کے وزیر خارجہ کاٹز کے ساتھ ابھی ابھی بات چیت ہوئی ہے۔ کل پیش رفت پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ وسیع تر علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا"۔
اسرائیل اور ایران میں ہندوستانی مشنز سے کیسے رابطہ کریں؟
ایران کے یہودی ریاست اسرائیل پر حملے کے بعد اسرائیل میں ہندوستانی مشن نے اتوار کو اپنے شہریوں کے لیے ایک تازہ ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ان سے محفوظ اور پرسکون رہنے کو کہا گیا ہے۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں ہندوستانی مشن نے ایک ایڈوائزری پوسٹ کی جس میں لکھا گیا ہے کہ "خطے میں حالیہ واقعات کی روشنی میں اسرائیل میں تمام ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی پروٹوکول پر عمل کریں۔ سفارت خانہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے تمام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسرائیلی حکام اور ہندوستانی کمیونٹی کے ارکان سے رابطے میں ہے۔ اس نے ملک میں اپنے شہریوں کے لیے ایک ہنگامی ہیلپ لائن کا بھی ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "کسی بھی فوری مدد کے لیے براہ کرم سفارت خانے سے 24/7 ایمرجنسی ہیلپ لائن/ رابطہ ٹیل پر رابطہ کریں۔ 1: +972 5475207112: + 972 543278392 ای میل: cons1.telaviv@mea@mea gov.in"۔