حیدرآباد : مرکزی حکومت وقف ایکٹ میں بڑی حد تک ترامیم کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ آج بتاریخ 5 اگست کو پارلیمنٹ میں وقف ایکٹ میں ترامیم سے متعلق بل پیش ہوسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق وقف ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بل اسی ہفتہ پارلیمنٹ میں پیش ہوگا جبکہ قوی امکان ہے کہ آج ہی مودی حکومت کی جانب سے اس بل کو ایوان میں پیش کردیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ میں وقف ایکٹ میں تقریباً 40 ترامیم کی منظوری دے دی گئی ہے۔ مودی حکومت وقف بورڈ کے اختیارات کو کم کرنے کےلئے وقف ایکٹ میں ترامیم کرنے کوشاں ہے۔ مرکزی حکومت وقف بورڈ کی جانب سے کسی بھی جائیداد کو 'وقف جائیداد' بنانے کے اختیارات کو کم کرنا چاہتی ہے۔
40 مجوزہ ترامیم کے ذریعہ وقف بورڈ کی جانب سے جائیدادوں پر دعووں کی لازمی تصدیق سے متعلق تجویز کی جائے گی وہیں وقف بورڈ کی متنازعہ جائیدادوں کے لیے لازمی تصدیق کی تجویز دی گئی ہے۔ جس کے ذریعہ 'وقف جائیداد' بنانے کے بورڈ کے اختیار پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔