فیروز آباد: آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر جمعہ کی دیر رات سڑک حادثے میں پانچ لوگوں کی موت ہو گئی۔ جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں۔ انہیں شکوہ آباد کے جوائنٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے لکھنؤ کے رہنے والے ہیں۔ وہ متھرا سے اپنے چار سالہ بیٹے کا منڈن کروا کر واپس آرہے تھے۔ بس راستے میں ٹرک سے ٹکرا گئی۔
یہ حادثہ آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر فیروز آباد ضلع کی سرحد میں واقع ناصر پور تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ لکھنؤ میں محی الدین پور کے رہنے والے سندیپ کے اہل خانہ اور رشتہ دار سندیپ کے چار سالہ بیٹے سدھارتھ کے منڈن کی رسومات اور درشن کرنے کے لیے جمعہ کو ایک نجی بس میں متھرا کے ورنداون گئے تھے۔ رات گئے منڈن کروا کر سب لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران ان کی بس ضلع فیروز آباد کی سرحد پر ایکسپریس وے پر آگے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ کافی اندوہناک تھا۔ لوگوں کی چیخ و پکار سن کر کسی نے پولیس کنٹرول روم کو واقعہ کی اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی ہائی وے کی ٹیم اور مقامی پولیس موقعے پر پہنچی اور بس میں پھنسے لوگوں کو نکال کر علاج کے لیے شکوہ آباد کے جوائنٹ اسپتال بھیج دیا۔ یہاں ڈاکٹروں نے پانچ لوگوں کو مردہ قرار دیا۔ دیگر افراد کا علاج جاری ہے۔