حیدرآباد: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جمعرات کو اپنی ویب سائٹ پر الیکٹورل بانڈز کیس میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (SBI) سے حاصل کردہ ڈیٹا 15 مارچ کی آخری تاریخ سے ایک دن پہلے اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو 15 مارچ کی شام 5 بجے تک کا وقت دیا تھا کہ وہ اپنی ویب سائٹ پر انتخابی بانڈز کا ڈیٹا اپ لوڈ کریں۔
الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر 763 صفحات پر مشتمل دو فہرستیں اپلوڈ ہیں۔ ایک فہرست میں انتخابی بانڈز خریدنے والوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ دوسری فہرست میں سیاسی جماعتوں کے بانڈز کی تفصیلات شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی گئی تمام معلومات 3 مالیت کے بانڈز کی خریداری سے متعلق ہیں۔ ایک لاکھ، 10 لاکھ اور 1 کروڑ روپے کے انتخابی بانڈز خریدے گئے ہیں۔ تاہم پبلک کی گئی انتخابی بانڈز کے ڈیٹا سے یہ معلوم کرنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے کہ کس کمپنی نے کس پارٹی کو چندہ دیا ہے۔
الیکٹورل بانڈز کے ذریعے عطیہ کرنے والوں میں گراسم انڈسٹریز، میگھا انجینئرنگ، پیرامل انٹرپرائزز، ٹورینٹ پاور، بھارتی ایئرٹیل، ڈی ایل ایف کمرشل ڈیولپرز، ویدانتا لمیٹڈ، اپولو ٹائرز، لکشمی متل، ایڈل وائیز، پی وی آر، کیونٹر، سولا وائن، ویلسپن، سن فارما اور دیگر شامل ہیں۔