ترواننت پورم: کیرالہ میں شدید بارش کے امکان کے پیش نظر ریاست کے پانچ اضلاع کے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس تعطیل کا اطلاق تمام تعلیمی اداروں بشمول آنگن واڑیوں، اسکولوں، ٹیوشن سینٹروں اور کوٹائم، اڈوکی، وا ئیناڈ، پٹھانمتھیٹا اور کننور اضلاع میں پیشہ ورانہ کالجوں پر ہوگا۔ تاہم شیڈول امتحانات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
موسم کی پیشن گوئی کے مطابق ترواننت پورم اور کولم کے علاوہ تمام اضلاع میں تیز بارش کا امکان ہے۔ ملاپورم، کوزی کوڈ، کنور اور وایناڈ اضلاع کے لیے آج ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اڈوکی، ایرناکولم، تھریسور، پلکاڈ اور کاسرگوڈ اضلاع میں اورنج الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی طرح، آئی ایم ڈی نے پٹھانمتھیٹا، الاپپوزا اور کوٹائم کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
چیف منسٹر پنارائی وجین نے لوگوں سے کہا کہ وہ شدید بارش کے پیش نظر انتہائی احتیاط برتیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ کم وقت میں ہونے والی شدید بارشیں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا سبب بن سکتی ہیں۔ شہری اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی خطرہ ہے۔