جے پور: وزیر اعظم نریندر مودی کی نقل کرکے اپنا نام بنانے والے مزاحیہ اداکار شیام رنگیلا نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ وارانسی سے پی ایم مودی کے خلاف لوک سبھا الیکشن لڑیں گے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں شیام رنگیلا نے کہا، وارانسی سے الیکشن لڑنے کے اعلان کے بعد آپ سب کی طرف سے جو محبت مجھے مل رہی ہے اس سے میں بہت پرجوش ہوں۔ میں جلد ہی وارانسی پہنچ کر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی نامزدگی اور الیکشن لڑنے کے بارے میں آپ کے سامنے اپنے خیالات پیش کروں گا۔ اس سے پہلے کی ایک پوسٹ میں رنگیلا نے کہا تھا، "میں وارانسی سے الیکشن لڑوں گا کیونکہ آج کل کسی کو کسی پر بھروسہ نہیں ہے کہ کون کب نامزدگی واپس لے گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیام رنگیلا نے کہا کہ 2014 میں، میں وزیر اعظم نریندر مودی کا مداح تھا۔ میں نے وزیراعظم کے سپورٹ میں کئی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔ یہاں تک کی راہل گاندھی اور اروند کیجریوال کے خلاف ویڈیوز بھی شیئر کی، جن کو دیکھ کر کوئی بھی یہ کہہ سکتا ہے کہ میں اگلے 70 سالوں تک صرف بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہی ووٹ دوں گا۔ لیکن پچھلے 10 سالوں میں صورتحال بدل گئی ہے۔ میں اب وزیر اعظم کے خلاف لوک سبھا انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا: "میری امیدواری وارانسی کے لوگوں کو سورت اور اندور کے برعکس ووٹ ڈالنے کا ایک آپشن دے گی۔ لہذا، میں اس ہفتے وارانسی جاؤں گا اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف اپنا پرچہ نامزدگی داخل کروں گا۔ 25 اپریل کو رنگیلا نے سوشل میڈیا پر اپنے فالورز سے پوچھا تھا کہ کیا وہ وارانسی سے آزاد امیدوار کے طور پر نامزدگی داخل کریں۔