پٹنہ: بھارت جوڑو نیائے یاترا کی بہار میڈیا کمیٹی کے چیئرمین پریم چندر مشرا نے نیائے یاترا کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا 29 جنوری کو بہار میں داخل ہوگی۔ کشن گنج کے راستے داخل ہونے والی یہ یاترا 30 جنوری کو پورنیہ پہنچے گی، جہاں راہل گاندھی ایک بہت بڑی ریلی سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد 31 جنوری کو کٹیہار میں ایک ریلی ہوگی اور یکم فروری کو یاترا ارریہ کے راستے جھارکھنڈ میں داخل ہوگی۔
ان کے مطابق دو مرحلوں میں بہار کے اندر ہونے والی یہ یاترا بہار کے 7 اضلاع سے گزرے گی اور کل 425 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ پہلے مرحلے میں یہ کشن گنج، پورنیہ، کٹیہار اور ارریہ سے گزرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں اورنگ آباد، کیمور اور سہسرام کے راستے اتر پردیش میں داخل ہوگی۔پریم چندر مشرا نے بتایا کہ نتیش کمار پورنیہ میں ہونے والی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ کانگریس رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں پہلی بھارت جوڑو یاترا 2022-23 میں کنیا کماری سے کشمیر تک کا سفر کیا گیا تھا۔ بھارت جوڑو نیائے یاترا 67 دنوں میں 6,713 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ جو 15 ریاستوں کے 110 اضلاع سے گزرے گی۔ یہ 25 جنوری تک آسام سے ہوتے ہوئے 17 اضلاع میں کل 833 کلومیٹر کا سفر کرے گی۔