دہرادون: جموں و کشمیر کے کٹھوعہ میں ہوئے عسکریت پسندانہ حملے میں اتراکھنڈ کے 5 فوجیوں نے ملک کے لیے اپنی جان کی قربانی دی ہے۔ ہلاک ہونے والے 5 فوجیوں میں سے 2 کا تعلق پوڑی، 2 کا ٹہری اور ایک کا رودرپریاگ ضلع سے ہے۔ فوجیوں کی ہلاکت سے اتراکھنڈ میں سوگ کا ماحول ہے۔
کٹھوعہ عسکریت پسندانہ حملے میں ہلاک اتراکھنڈ کے پانچ جوان:
1- ٹہری ضلع کے 26 سالہ جوان آدرش نیگی جو کیرتی نگر کے تھاٹی ڈگر کے رہنے والے تھے، بطور رائفل مین تعینات تھے۔ ان کے والد دلبیر سنگھ نیگی گاؤں میں ہی کھیتی کا کام کرتے ہیں۔آدرش نے گورنمنٹ انٹر کالج پپلی دھار سے 12ویں تک تعلیم حاصل کی۔ 2019 میں اس نے گڑھوال رائفلز میں شمولیت اختیار کی۔ اس دوران انہوں نے گڑھوال یونیورسٹی سے بی ایس سی سیکنڈ ایئر کی تعلیم حاصل کرتے ہوئے فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔
2- رودرپریاگ ضلع کے کنڈاکھل کے رہنے والے آنند سنگھ راوت کی عمر 41 سال تھی۔ وہ فوج میں نائب صوبیدار کے عہدے پر فائز تھے۔ آنند سنگھ راوت کا خاندان دہرادون میں رہتا ہے لیکن ان کی ماں اور بھائی گاؤں میں رہتے ہیں۔
3- پوڑی ضلع کے حوالدار کمل سنگھ حوالدار کمل سنگھ لانس ڈاؤن تحصیل کے پاپڑی گاؤں کے رہائشی تھے۔
4- پوڑی گڑھوال ضلع کے رائفل مین انوج نیگی ریکھانیکھل تعلقہ کے دوبریا گاؤں کے رہنے والے تھے۔
5- ٹہری گڑھوال ضلع کے نائک ونود سنگھ جکھنیدھر تعلقہ کے چونڈ جس پور گاؤں کے رہائشی تھے۔ لیکن ونود سنگھ کا خاندان دہرادون کے بھنیا والا میں رہائش پزیر ہے۔