دہلی:دہلی میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی پارہ گرم ہے۔ دہلی اسمبلی انتخابات 2025 سے پہلے عام آدمی پارٹی، بی جے پی اور کانگریس کے درمیان لڑائی تیز ہوگئی ہے۔ تینوں جماعتیں ایک دوسرے پر کئی سنگین الزامات لگا رہی ہیں۔ دریں اثنا اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی نے سنیچر کو عآپ اور بی جے پی پر حملہ کیا۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کا بی جے پی سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیاں نظریاتی طور پر ایک ہیں اور دونوں کا تعلق آر ایس ایس سے ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے اویسی نے بی جے پی اور عآپ کو آر ایس ایس کی پیداوار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور عآپ میں کوئی فرق نہیں ہے۔ دونوں کے نظریات ایک ہیں۔ آر ایس ایس دونوں کی ماں ہے۔ آر ایس ایس نے 1980 میں جن سنگھ اور بعد میں بی جے پی کی بنیاد رکھی، اس کے بعد 2012-13 میں عآپ تشکیل دی گئی۔ یہ ایک بڑا ادارہ ہے اور یہ لیب میں بنا ہندوتوا ہے۔