بدایوں: اترپردیش کے بدایوں لوک سبھا سیٹ پر سہسوان اسمبلی حلقے کے قصبہ نادھا میں منعقد سماج وادی پارٹی کی ریلی میں قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ اس بار بدایوں کی عوام اور سہسوان اسمبلی کے لوگ ریکارڈ بنا کر جتائیں گے۔ یہاں سے ایس پی کو طاقت ملتی ہے۔ گنور کے بعد سب سے بڑی جیت سہسوان اسمبلی سے ہوگی۔
یادو نے کہا کہ جسونت نگر میں 7 کو الیکشن ہے اور بدایوں میں بھی، اب دیکھنا یہ ہے کہ جسونت نگر کے لوگ زیادہ ووٹوں سے جیتتے ہیں یا سہسوان کے لوگ۔ اب آپ کے چچا ہیں تو آپ کو کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، چچا بدایوں سے ہیں، اب آپ کا کام براہ راست ہو جائے گا۔
اکھلیش نے دعویٰ کیا کہ 07 کو ہونے والا ووٹ بھارتیہ جنتا پارٹی کو سات سمندر دور پھینک دے گا اور انہیں نیست و نابود کر دے گا۔ پہلے اور دوسرے مرحلے میں عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی کا تختہ الٹ دیا ہے اور تیسرے مرحلے میں عوام ان کا صفایا کرنے والی ہے۔
کسانوں کی لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ انڈیا اتحاد نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے کسانوں کو خوشحال بنانے کے لیے حکومت بننے کے بعد وہ کسانوں کو ایم ایس پی کا حق دلانے کے لیے کام کریں گے۔ بڑے صنعت کاروں کے قرضے تو معاف ہوئے لیکن ہمارے کسانوں کے قرضے معاف نہیں ہوئے۔