ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی کانگریس، ترنمول کانگریس، ڈی ایم کےاور مجلس اتحاد-المسلمین (ایم آئی ایم) کے ارکان نے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے بیان پر ہنگامہ شروع کر دیا۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ پرگیہ ٹھاکر کے بیان کو ایوان کی کارروائی سے نکال دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا بیان ریکارڈ میں نہیں ہے تو اس پر بحث کس طرح ہو سکتی ہے؟
کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے ایک پارٹی کو دہشت گرد پارٹی کہا تھا جبکہ اس پارٹی سے ہزاروں رہنماؤں نے ملک کی آزادی کے لئے قربانی دی تھی۔ یہ کیا ہو رہا ہے؟ کیا ایوان اس پر چپ رہے گا؟ مہاتما گاندھی کے قاتل کو محب وطن کہا جا رہا ہے؟
قابل غور ہے کہ بدھ کو ایوان میں ایس پی جی بل پر بحث کے دوران پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن بتایا تھا جس پر کافی ہنگامہ ہوا تھا ۔
اگرچہ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اسی وقت واضح کر دیا تھا کہ محترمہ ٹھاکر کا بیان لوک سبھا کی کارروائی کا حصہ نہیں ہو گا۔