مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2021 کے آٹھویں اور آخری مرحلے میں چار اضلاع کی 35 سیٹوں پر ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ووٹنگ کے پہلے ہی گھنٹے میں بیربھوم، مالدہ اور مرشدآباد سے سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
مرشدآباد ضلع کے ڈومکل تھانہ علاقے میں ترنمول کانگریس کے رہنما پر سی پی ایم حامی کو گاڑی سے کچل کر مارنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
الزام ہے کہ ترنمول کانگریس کے رہنما ذاکر الاسلام نے اپنی گاڑی سے سی پی ایم کے کارکنان کو کچل ڈالا ہے، جس کے سبب تین لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 75 نمبر ڈومکل اسمبلی حلقے میں گاڑی سے کچل کر قادر علی منڈل، اشیم علی منڈل اور لال چند نام کے سی پی ایم کے حامی شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ تینوں کو مرشدآباد میدیکل کالج اینڈ ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں قادر علی منڈل کی موت ہو گئی جبکہ دیگر دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
سی پی ایم کے رہنما رفیق الاسلام کا کہنا ہے کہ ترنمول کانگریس کے رہنما ذاکر الاسلام نے اپنی گاڑی سے کچل کر قادر کا قتل کیا ہے۔
مزید پڑھیں:
'مودی حکومت ویکسین پر کٹ منی لے رہی ہے'
انہوں نے کہا کہ موقع پر موجود لوگوں نے ترنمول کانگریس کے رہنما کو گاڑی میں دیکھا ہے۔ دوسری طرف ترنمول کانگریس کے رہنما ذاکر الاسلام نے سی پی ایم کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے سے ان کوئی لینا دینا نہیں ہے۔