مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے نیو بیرکپور صنعتی خطہ میں واقع ایک بنیان فیکٹری میں لگی آگ پر 38 گھنٹوں کے بعد قابو پایا جا سکا۔ جس میں چار مزدوروں کی جھلسنے سے موت ہو گئی جبکہ چاروں مزدوروں کی لاشیں فیکٹری کی سیڑھی پر جھلسی ہوئی حالت میں پائی گئیں۔
پولیس نے لاشوں کو اپنے قبضے میں لے کر ان کی شناخت کے لئے رشتہ داروں کو بلایا اور پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال بھیج دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ دم گھٹنے کی وجہ سے موت ہوئی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی اس معاملے میں واضح طور کچھ کہا جا سکتا ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ بنیان کارخانے کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری طرف فائر بریگیڈ کے ضلع ڈائریکٹر ایس ڈی مکھرجی کا کہنا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہے۔ کارخانے میں آگ پر قابو پانے کے لئے آلات موجود نہیں تھے۔
فائر بریگیڈ کے آفیسر کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے بعد ڈرون کا استعمال کیا گیا اس کے ذریعہ ہی چار مزدوروں کی لاشیں سیڑھی پر پائے جانے کی اطلاع ملی ہے۔
ریاستی وزیر برائے دمکل (فائر بریگیڈ ) سجیت باسو کا کہنا ہے کہ جمعہ کی صبح ساڑھے تین بجے کے قریب گنجی فیکٹری میں بھیانک آگ لگی تھی جس پر فائر بریگیڈ کے عملے کی 38 گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد قابو پایا جاسکا۔ جس میں چار مزدوروں کی موت ہوئی ہے، ان کے اہل خانہ کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔
دوسری طرف مقامی باشندوں نے کارخانے کے مالک کے خلاف احتجاج کیا۔