مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر کے ساتھ بی سی سی آئی صدر سورو گنگولی کی ملاقات کے بعد مغربی بنگال بی جے پی صدر دلیپ گھوش کا کہنا ہے کہ گنگولی جیسے کامیاب شخص کو سیاست میں آنا چاہئے بی جے پی ہر اس شخص کو اپنی پارٹی میں جگہ دینے کے لیے تیار ہے جو ترنمول کانگریس مخالف ہیں۔
مغربی بنگال کی سیاست میں ہر روز حیران کن تبدیلیاں اور سرگرمیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ اس دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان دورو گنگولی کی گورنر سے ملاقات کے بعد ان کے سیاست میں آنے کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ سورو گنگولی بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ اسی درمیان مغربی بنگال بی جے پی صدر کا کہنا ہے کہ گنگولی جیسے کامیاب شخص کو سیاست میں آنا چاہیے۔
دلیپ گھوش نے کہا کہ گنگولی ایک کامیاب انسان ہیں اور ایسے لوگوں کا سیاست میں آنا خوش آئند بات ہوگی۔ بی جے پی ان تمام لوگوں کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے تیار ہے جو ترنمول کانگریس مخالف ہیں۔
دلیپ گھوش نے مزید کہا کہ 'ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بی جے پی میں شامل ہوں۔
سورو گنگولی کی گورنر سے ملاقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ 'ان کو گورنر سے ملنے کا حق حاصل ہے۔ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ہیں موجودہ بی سی سی آئی کے صدر ہیں۔ ایسے کامیاب شخص کو سیاست میں آنا چاہئے۔
واضح رہے کہ بی جے پی ریاستی انتخابات کے تعلق سے انتہائی سنجیدہ ہے اور ابھی سے اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔
مغربی بنگال میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سورو گنگولی کے سیاست میں قدم رکھنے سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔