مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں میں شدت آتی جا رہی ہے۔ ریاست کے تمام اضلاع میں تصادم اور کشیدگی کی صورت حال ہے۔
اسمبلی انتخابات سے تین ماہ قبل سیاسی پارٹیوں کے درمیان جاری جھڑپوں میں اب تک پچاس سے زائد لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
دارالحکومت کولکاتا کے جنوبی حصے میں واقع بہالہ تھانہ علاقے کے 116 نمبر وارڈ کے کینل روڈ میں دیوار پر سیاسی نعرہ لگانے کو لے کر ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے۔
تصادم کے دوران دونوں جانب سے پتھراؤ اور لاٹھیوں سے حملے کیے گئے جس میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے جن میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔
جھڑپ کے بعد بی جے پی کے حامیوں نے بہالہ تھانے کا گھیراؤ کیا اور خواتین پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی کے رہنما کا کہنا ہے کہ ترنمول کانگریس کے کارکنان نے دیوار پر انتخابی نعرہ لگانے والے تین افراد کو پکڑ کر ایک کلب میں لے گئے اور ان جم کر پٹائی کر دی۔
ترنمول کانگریس کے رہنما سومناتھ نے بی جے پی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دیوار پر انتخابی نعرہ لگانے کی مخالفت کرنے والی خاتون کو بی جے پی کے کارکنان نے بدسلوکی کی۔ جس کے بعد یہ جھگڑا شروع ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بنگال: ڈپٹی الیکشن کمشنر کا اپریل میں انتخابات کرانے کا اشارہ