اترپردیش حکومت کے خلاف ایس پی کا احتجاج - آج کسان پریشان ہیں، یوریا کھاد کی کالابازاری اپنے شباب پر ہے
اترپردیش حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے کارکنان نے کلکٹریٹ احاطے میں مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔
ریاست اترپردیش کے ضلع بہرائچ میں سماجوادی پارٹی کے ضلع صدر رام ہرش یادو کی قیادت میں آج پارٹی کارکنان نے اترپردیش حکومت کے خلاف کلکٹریٹ احاطے میں مظاہرہ کرکے صدر جمہوریہ کے نام ایک میمورنڈم چیف ریونیو آفیسر پردیپ کمار یادو کو پیش کیا-
اس دوران کارکنان کی جانب سے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ احتجاج کے دوران ضلع صدر رام ہرش یادو نے کہا کہ اترپردیش میں قائم یوگی حکومت پوری طرح سے ناکام ہوگئی ہے۔
آج کسان پریشان ہیں، یوریا کھاد کی کالابازاری اپنے شباب پر ہے۔ ضلع میں سیلاب سے متاثر کسانوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔
ریاست میں روزانہ اوسطاً تین سے چار قتل اور جنسی زیادتی کے معاملات ہو رہے ہیں۔ کورونا جیسی بیماری سے نمٹنے میں حکومت ناکامیاب ہو گئی ہے۔ وہیں دوسری جانب حکومت میں بیٹھے لوگوں کی وجہ سے اعلیٰ افسران کورونا وائرس کے نام پر کمائی کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: سابق صدر پرنب مکھرجی چل بسے
ضلع صدر نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کرتی ہے تو ایسی حکومت کو جب تک اکھاڑ نہیں پھینکتے، تب تک ایسے احتجاج ہوتے رہیں گے-
اس موقع پر سابق ضلع صدر رام تیج یادو، سیکریٹری جفر اللہ خان بنٹی، سابق ممبر اسمبلی کے کے اوجھا، محمد علی، محمد ایاض، جاوید انصاری، شکیل مکرانی سمیت ضلع کے تمام پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔