جمیعۃ العلماء اتر پردیش ونگ کے اجلاس عاملہ کی روٹین میٹنگ ریاست کے دارالحکومت لکھنؤ میں منعقد کی گئی۔
جمیعۃ العلماء اترپردیش کے صدر مولانا اشہد رشیدی نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران بتایا کہ' آج اجلاس عاملہ کی روٹین میٹنگ ہے، جو ہماری تنظیم دو سے تین ماہ میں کرتی ہے۔ اس اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے ذمہ داران آئے ہیں'۔
مولانا رشیدی نے مزید کہا کہ 'ملک میں جس طرح سے مسلمانوں کے خلاف ہجومی تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایسے میں حکومت کو چاہیے کہ وہ ہر حال میں سخت سے سخت قوانین کو یقینی بنائے، جو عملی بھی ہو'۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے آئین نے سبھی کو اس بات کا حق دیا ہے کہ وہ اپنے دفاع کے لیے قانون کے دائرے میں رہ کر اپنے جان و مال کی حفاظت کر سکتے ہیں۔
مولانا اشہد رشیدی نے مزید کہا کہ' اگلے ماہ عید الاضحی ہے، لہذا جمیعۃ العلماء کے سبھی ذمہ داران نے ابھی سے انتطامیہ اور حکومت کے دوسرے ذمہ دار افسران سے بات کر لی ہے تاکہ قربانی کے وقت کسی طرح کی کوئی پریشانی پیش نہ آئے۔