علی گڑھ: ہر سال اے ایم یو میں داخلہ لینے والے خواہش مند طلباء ہزاروں کی تعداد میں درخواستیں دیتے ہیں رواں برس 1.5 لاکھ طلباء و طالبات کی مختلف کورسز کے داخلہ امتحانات کے لئے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو گزشتہ تین برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔ داخلہ امتحانات اے ایم یو علی گڑھ سمیت دیگر شہروں جیسے لکھنؤ، سرینگر، پٹنہ، کولکاتہ، کوزی کوڈ وغیرہ میں ہوں گے۔ یونیورسٹی نے داخلہ امتحانات کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے ہیں۔ اساتذہ کو ملک کے مختلف داخلہ امتحان مراکز کے لئے بطور آبزرور تعینات کیا جائے گا۔ دوسری طرف یونیورسٹی 29 اپریل سے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسز کے 2022-23 سیشن کے سمسٹر امتحانات بھی منعقد کرے گی۔
یونیورسٹی ترجمان نے بتایا کہ کووڈ 19 وبا کے بعد اور تقریباً دو تعلیمی برسوں کے وقفے کے بعد سمسٹر امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد کئے جا رہے ہیں۔ یہ طلباء کے تعلیمی مفادات کے تحفظ اور نتائج کے بروقت اعلان کے لیے اہم ہے۔ امتحانات کے شیڈول کو ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ اے ایم یو نے تعلیمی سیشن 2022-23 سے چار سالہ انڈرگریجویٹ پروگرام کو اپنایا ہے اور اس بیچ کے پہلے سمسٹر کے امتحانات کامیابی سے منعقد کیے جاچکے ہیں، جب کہ دوسرے سمسٹر کے امتحانات جلد منعقد کیے جائیں گے۔
کووڈ-19 کے پیش نظر یونیورسٹی طلباء کے مفاد میں سبھی مثبت اقدامات کر رہی ہے۔ عوامی مقامات پر باقاعدگی کے ساتھ بیداری مہم بھی چلائی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی طلباء کو کووڈ کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات اور طرز عمل اپنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے مختلف امتحانات کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لیے اساتذہ و طلباء اور عملہ کے اراکین سے تعاون کی امید کی ہے۔