تلنگانہ کی وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے آج دسویں جماعت کے امتحانات 2022 کے نتائج جاری کردیے۔ ان امتحانات میں ریاست بھر کے 5,03,579 طلبا و طالبات نے شرکت کی تھی۔جن میں سے 4,53,201 طلبہ کامیاب قرار دیے گئے۔ اس طرح 90 فیصد طلبہ ان امتحانات میں کامیاب ہوئے ہیں۔ جب کہ ان امتحانات میں 819 طلبہ نجی طور پر امتحانات میں شریک ہوئے تھے۔ ان میں سے 425 طلبہ کامیاب ہوئے ہیں ان کا تناسب 51.89 فیصد رہا۔ Telangana SSC Results
دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 23 مئی تا یکم جون منعقدکیے گئے ان امتحانات میں جملہ 5,08,143 طلبہ شرکت کرنے والے تھے تاہم 5,564 طلبہ نامعلوم وجوہات کے سبب ان امتحانات میں شریک نہیں ہوئے۔ لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 92.45 رہا جبکہ 87.61 فیصد لڑکے کامیاب ہوئے۔ سبیتا اندرریڈی نے کہا کہ مجموعی طور پر 90 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ جملہ 3007 اسکولوں کا نتیجہ 100 فیصد کامیاب رہا، 15 اسکولوں نے صفر فیصد نتائج حاصل کیے۔ سبیتا اندر ریڈی نے کہا کہ ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات یکم اگست سے منعقد ہوں گے۔ دسویں جماعت کے نتائج میں سدی پیٹ سرفہرست رہا۔اس ضلع کے 97.85 فیصد طلبہ کامیاب قراردیئے گئے۔ حیدرآباد ضلع 79.63 فیصد نتائج کے ساتھ آخری نمبر پر رہا۔ اس مرتبہ امتحانات میں 70 فیصد نصاب رکھاگیا تھا اور امتحانی پرچوں کو 11 سے گھٹا کر 6 کر دیا گیا تھا۔