حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راو نے کہا ہے کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراونے ایسی کئی فلاحی اسکیمات متعارف کی ہیں جن کی نظیر ملک میں کہیں اورنہیں ملتی۔انہوں نے اپنے کابینی رفیق جی کملاکر کے ساتھ مل کر کریم نگر ضلع کے اربن ہیلت سنٹر میں آروگیہ مہیلا اسکیم کا آغاز کیا۔ قبل ازیں وزیر موصوف نے اس خصوص میں لوگو کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم ہر اس خاتون کی طبی جانچ کے لیے شروع کی گئی ہے جو صحت کے مسائل سے دوچار ہے۔ کئی خواتین مسلسل صحت کے مسائل کا شکار ہیں لیکن وہ اسپتال جانے سے گریز کرتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس اسکیم کے ذریعہ 8 قسم کی بیماریوں کا علاج فراہم کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے 100 ایسے مراکز کا قیام عمل میں لایاجارہا ہے، بعدازاں ان کی تعداد میں اضافہ کیاجائے گا۔ ہر منگل کو خواتین کے خصوصی طبی معائنے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے علاج کی سہولت صرف کارپوریٹ اسپتالوں میں ہی دستیاب ہے۔ حکومت ضلعی اسپتالوں میں خواتین کے طبی معائنے کے لئے خصوصی مراکز قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 40 سے 50 فیصد خواتین مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ یہاں ہر کسی کے طبی معائنے کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹریشن کٹ اسکیم سری راما نومی کے بعد متعارف کروائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نیوٹریشن کٹ خون کی کمی کو روکنے کے لیے مفید ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر جی کملاکر نے کریم نگر میں خواتین کے لیے دنیا کی سب سے بڑی اسکیم کے آغاز پر وزیراعلی او ر وزیر صحت سے اظہار تشکر کیااور کہا کہ یہ ایک روپیہ خرچ کیے بغیر خواتین کی مکمل صحت کی جانچ اس اسکیم کے ذریعہ ممکن ہے۔حکومت تلنگانہ کی یہ اسکیم سرکاری ہیلت کئیر مراکز میں ہفتہ میں ایک بار خواتین کیلئے نگہداشت صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہے۔ اس کا مقصد خواتین کی صحت میں بحیثیت مجموعی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔ آروگیہ مہیلا پہلے مرحلے میں 100 نگہداشت صحت کے مراکز میں شروع کی گئی ہے۔
بعد ازاں 1200 سرکاری ہیلت کئیر مراکز بشمول ہیلت کئیر مراکز اربن پرائمری ہیلت سنٹرس اور بستی دواخانوں میں بھی اسے آئندہ مہینوں میں وسعت دی جائے گی۔ اس مہم کا مقصد خواتین کی مکمل بہتری کو یقینی بنانا ہے۔ ٹی ڈیاگناسٹکس کے ذریعہ جملہ 57 طرح کے معائنے خواتین کیلئے کئے جائیں گے۔ ایریا اسپتالوں اور ٹیچنگ اسپتالوں کو خواتین کیلئے ریفرل مراکز بنایا گیا ہے۔ تمام ایریا اسپتالوں میں خواتین کی رہنمائی کیلئے خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کئے جارہے ہیں۔ آروگیہ مہیلا اسکیم کے تحت ذیابیطس‘ ہائپر ٹنشن خون میں کمی اور دیگر چھوٹے معائنے کئے جا رہے ہیں۔
یو این آئی