ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس پر جھوٹی تشہیر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا کابینی ذیلی کمیٹی نے انتباہ دیا ہے۔
اس موذی وائرس کی روک تھام کے لیے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزرا تارک راماراؤ، ای راجندر، ای دیاکرراؤ، چیف سکریٹری سومیش کمار اور دیگر اعلی عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں عوامی بیداری میں اضافہ سمیت اس سلسلہ میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزرا نے اس مرض کی مشتبہ علامات والے افراد کے تعاون کے لئے خصوصی ہیلپ لائن قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔
وزرا نے کہا کہ '24 گھنٹے کے کال سنٹر کے علاوہ موجودہ کال سنٹر کی کارکردگی کو مزید موثر بنایا جائے گا۔'
وزرا نے کہا کہ 'کورونا وائرس کے تعلق سے عوام کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس وائرس کی روک تھام کے لئے حکومت تمام طرح سے تیار ہے۔'
وزرا نے کہا کہ 'اس وائرس سے ریاست میں اموات کی خبر جھوٹی ہے۔'
وزرا نے واضح کیا کہ 'کورونا وائرس کی مشتبہ علامات والے افراد کے علاج کی تمام سہولیات گاندھی اسپتال میں موجود ہے۔ کورونا وائرس کے تعلق سے ٹی وی چینلس اور اخبارات کے ساتھ ساتھ سوشیل میڈیا پربڑے پیمانہ پرتشہیر کرتے ہوئے عوام میں بیداری پیداکی جائے گی۔'
اس خصوص میں محکمہ تعلقات عامہ کو خصوصی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے سلسلہ میں بیداری تلگو، انگریزی اور اردو زبانوں میں کی جائے گی۔'
وزرا نے شہر میں بڑے پیمانہ پر اس ضمن میں ہورڈنگس لگانے کی بھی ہدایت دی۔