کے ٹی آر نے فوری طور پر حیدرآباد میٹرو پولیٹین واٹرسپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ سکندرآباد کے دیوی نگر اور آر کے پورم کے متصل علاقوں کے پانی کے مسائل حل کرے کیونکہ ان علاقوں میں پانی کی نامناسب سپلائی کی جارہی ہے۔
دیوی نگر سے تعلق رکھنے والی ایک ننھی لڑکی گائتری نے وزیرموصوف کو ٹوئیٹر کے ذریعہ بھیجے گئے ویڈیو میں پانی کی نامناسب سپلائی کی شکایت کی تھی۔ ننھی لڑکی نے اپنے اس ویڈیو میں شکایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے متعلقہ علاقہ میں پانی کی مناسب سپلائی نہیں کی جارہی ہے۔اس نے اپنی اس مختصر ویڈیو میں کہاکہ پانی کی نامناسب سپلائی کے نتیجہ میں کافی مشکلات کا سامناکرناپڑرہا ہے۔
اس پر کے ٹی آر نے فوری طورپر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے واٹربورڈ کو ہدایت دی کہ وہ مقامی جنرل منیجر کو اس مسئلہ کے حل کی ذمہ داری دے۔انہوں نے اپنے دفتر کے اسٹاف کو بھی ہدایت دی کہ وہ اس معاملہ پر نظر رکھے۔
ریاستی وزیر کی ہدایت کے بعد بورڈ کے ذمہ داروں نے اس علاقہ کا دورہ کیا اور مقامی افراد سے اس سلسلہ میں ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔اس موقع پر کئی شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی نامناسب سپلائی کے سلسلہ میں بورڈ کے ذمہ داروں سے کی گئی کئی شکایات کے باوجود اس مسئلہ کو حل نہیں کیاگیا۔