پی ڈی پی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پارٹی کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر راجیہ سبھا کے رُکن نظیراحمد لاوے کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے معطل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر لاوے نے گزشتہ روز سرینگر میں نومنتخب لیفٹیننٹ گورنر کی حلف برداری تقریب میں حصہ لیا تھا جس کے پیش نظر پارٹی قیادت نے انہیں پارٹی کی بنیادی رُکنیت سے برطرف کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رُکن پارلیمان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت موجودہ سیاسی صورتحال اور دفعہ 370 کو منسوخ کرنے سے متعلق پارٹی موقف کے منافی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ نظیر احمد لاوے نے پارٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے، اس سے قبل مسٹر لاوے نے ایوان بالا میں طلاق ثلاثہ بل کی حمایت کرکے پارٹی قیادت کے نشانے پر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ طلاق ثلاثہ کی حمایت کرنے پر پارٹی نے واضحت بھی طلب کی تھی، تاہم اس کے باوجود وہ پارٹی کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے رہے، لہذا پی ڈی پی قیادت نے مسٹر نظیر احمد لاوے کو فوری طور پر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دارالحکومت سرینگر کے راج بھون میں گریش چندر مرمو نے مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹننٹ گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔
جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی چیف جسٹس گیتا متل نے گریش چندر كو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ ماتھر کو بھی لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کے عہدہ کا بھی حلف دلایا۔
حلف برداری کی تقریب کے بعد گریش چندر مورمو نے سرینگر کے سول سیکریٹریٹ کا بھی دورہ کیا۔
بتا دیں کہ مرکزی حکومت نے 5 اگست کو دفعہ 370 کو ختم کر کے ریاست کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا، گزشتہ روز یعنی 31 اکتوبر جموں کشمیر اور لداخ میں مرکزی زیر انتظام علاقوں کے تمام قوانین نافذ العمل ہوئے۔