مرکزی علاقہ جموں و کشمیر میں ہر گزرتے روز کے ساتھ کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
جموں و کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 59 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور سبھی کا تعلق کشمیر صوبے سے ہیں۔
اس یونین ٹریٹری میں اب تک کورونا وائرس کے 1449 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 745 سرگرم معاملات ہیں۔ 20 کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ 684 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔ وادی میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 605 جبکہ جموں صوبے میں 140 ہوگئی ہے۔
علاوہ ازیں اب تک 125866 افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفری پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ ان میں 33586 افراد کو ہوم کورنٹائن میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے کورنٹائن مراکز بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 57 افراد کو ہسپتال کورنٹائن میں رکھا گیا ہے۔ 745 کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ 21893 افراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
اب تک 107108 ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے 21 مئی 2020ء کی شام تک 105659 نمونوں کی رپورٹ منفی پائی گئی ہے۔
گزشتہ روز وادی میں کورونا وائرس سے متاثرہ دوعمر رسیدہ خواتین کی موت واقع ہونے سے جموں و کشمیر میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 20 ہوگئی ہے۔
وسطی ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والی 70 سالہ خاتون کی موت جمعرات کو ہسپتال برائے امراض سینہ واقع درگجن سرینگر میں واقع ہوئی جبکہ بمنہ سرینگر سے تعلق رکھنے والی عمر رسیدہ خاتون کی موت شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سرینگر میں بدھ کے روز واقع ہوئی تھی اور اس کا کورونا ٹیسٹ موت کے ایک دن بعد مثبت آیا۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ چھ دنوں کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا 9 مریض موت کی آغوش میں چلے گئے ہیں۔ ان میں سے سات کی عمر پچاس برس سے زیادہ تھی۔