جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن نے 2020-21 کے سیزن میں جموں خطے میں انڈین پریمیئر لیگ میچوں کی میزبانی کرنے کا ارادہ کیا ہے۔
جموں میں آئی پی ایل میچوں کی میزبانی کا منصوبہ گذشتہ ہفتے اس وقت عمل میں لایا گیا تھا جب جموں کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن اور جے اینڈ کے اسٹیٹ اسپورٹس کونسل نے جموں کے ایم اے اسٹیڈیم میں میچز منعقد کرانے کے مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔
اطلاعات کے مطابق جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری کی منظوری کے بعد کرکٹ ایسو سی ایشن کے چیف ایگزیکٹو افسر سید عاشق بُخاری اور جے اینڈ کے اسٹیٹ اسپورٹس کونسل کے سکریٹری نسیم جاوید چوہدری نے اس مفاہمت پر دستخط کیے۔
جموں و کشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن اس اسٹیڈیم کو بین الاقوامی کرکٹ کے معیار کا بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ جے کے سی اے اسٹیڈیم میں پیشہ ورانہ معیار کی ٹرف وکٹیں تیار کرے گا اور وہ متبادل تبدیلیاں لائے گا جو کرکٹ اسٹیڈیم کے قواعد کے مطابق ہوں گی۔
خیال رہے کہ ایم اے اسٹیڈیم خطہ جموں سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے اور گذشتہ دو تین سالوں سے اس کی مرمت کی جا رہی ہے۔ اسٹیڈیم میں ترقیاتی کام تقریبا مکمل ہوچکے ہیں۔ رات کے دوران کرکٹ میچ کھیلنے کے لیے اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگائے گئے ہیں۔
کرکٹ ایسوسی ایشن کے حکام نے بتایا کہ ایسوسی ایشن اور کرکٹ شائقین کے لیے یہ ایک اہم کامیابی ہے۔ ہم آخر کار ایک ایسا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جو بین الاقوامی معیار کو پورا کرے گا، یہ وہ مقام ہے جو بین الاقوامی سطح کے پیشہ ور میچوں کی میزبانی کرسکتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کے سی ای او کی کاوشوں کی وجہ سے ہم اس مشن میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ جے کے سی اے کے عہدیدار نے کہا کہ جب اعلیٰ سطح کے کرکٹ میچوں کی میزبانی کی بات آئے گی تو کرکٹ ایسوسی ایشن اب بولی لگانے اور اپنے نام کو سامنے رکھنے کے لیے تیار ہے۔
اس سے قبل بہتر انفراسٹرکچر نہ ہونے کی وجہ سے آئی پی ایل میچز منعقد کرانے میں ایسو سی ایشن ناکام رہا، اب ہمارے پاس ایک کرکٹ اسٹیڈیم ہے جو تمام معیار اور ضوابط کے مطابق ہوگا۔ ہم ٹاپ لیول میچوں کی میزبانی کے لیے پچ بنائیں گے اور اس کا آغاز آئی پی ایل کے میچوں سے ہوگا۔ ہم آئندہ سیزن کے آئی پی ایل میچوں کی میزبانی کے لیے بھی زور دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل میچز کی مدد سے ہی بین الاقوامی سطح کے میچنز منعقد کرائے جا سکتے ہیں۔ یہ فرنچائز لیگ ہے لیکن اس کا معیار بہت بلند ہے۔ اگر ایم اے اسٹیڈیم اس طرح کے ٹاپ لیول میچ کی میزبانی کرے گا تو پھر بین الاقوامی میچوں میں ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ جموں وکشمیر کو باقاعدگی سے بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کرنے کا خواب اب زیادہ دور نہیں ہے۔