جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں کووڈ- 19 پر قابو رکھنے، اسے مزید پھیلنے سے روکنے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ضلع میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی جا رہی ہے۔
سینٹائزیشن مہم کے تحت ضلع کے سرکاری دفاتر، ہسپتالوں، سڑکوں، گلیوں اور دیگر نجی و سرکاری اداروں میں اسپرے کیا جا رہا ہے۔ صفائی ملازمین کے لیے بھی تمام تر سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں۔ انہیں ماسک، سینٹائزر، دستانے، جوتوں کے علاوہ ضروریات کی چیزیں فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ آسانی سے کام کر سکیں۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر شوپیان چودھری محمد یاسین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری ایڈوائزی پر عمل کریں اور اس مہلک بیماری کی زنجیر کو توڑنے میں انتظامیہ کا ساتھ کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں کووڈ19کے پھیلائو اور عوامی تحفظ کے لیے مہم جاری ہے، تاہم قرنطینہ مراکز اور ہسپتالوں میں ترجیحی بنیادوں پر اسپرے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے لوگوں سے خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس وبا کی زنجیر کو ختم کرنے کے لیے انتظامیہ کو عوام کا تعاون ضروری ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ضلع شوپیان کے سیدھو اور رامنگری علاقوں میں کووڑ 19 کے دو کیس مثبت سامنے آنے کے بعد دونوں دیہات کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے تمام احتیاطی تدابیر پرعمل کی جا رہی ہے۔
ان دونوں دیہات میں کسی بھی فرد کو گھومنے پھرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے اور لوگ اپنے گھروں کے اندر ہی قیام کرکے مکمل لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے میں انتظامیہ کا بھرپور تعاون دے رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ’’احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘‘