پی ڈی پی کے ترجمان اور حال ہی میں ترال سے ڈی ڈی سی انتخابات میں منتخب ہونے والے امیدوار ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر اور پارٹیوں کی طرف سے آزاد امیدواروں کو بالخصوص اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے ساتھ تعلق رکھنے والے نمائندوں پر دباؤ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، جو کہ ایک بدقسمتی ہے۔ انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ منتخب نمائندوں کی پکڑ دھکڑ کی تحقیقات کی جائے اور اس کے پیچھے کیا مقاصد ہیں اس کو بھی عوام کے سامنے لایا جائے کیونکہ ایسے ہتھکنڈوں سے جمہوریت کا مقصد فوت ہو رہا ہے۔
فور جی انٹرنیٹ پر پابندی کے حوالے سے ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے بتایا کہ تیز-رفتار انٹرنیٹ کی عدم دستیابی سے عوام کو زبردست مشکلات درپیش ہیں تاہم سیکورٹی کے نام پر غریب عوام کو اس سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملیے جموں و کشمیر کی پہلی خاتون بس ڈرائیور سے
ان کا کہنا تھا کہ اگر جیو فایبر کے زریعے فورجی نیٹ ورک فراہم کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہے تو ایک غریب کو موبائل فون کے انٹرنیٹ میں فور جی کے استعمال سے کون سی سیکورٹی کا مسئلہ درپیش ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے بتایا کہ دراصل کئی بڑی کمپنیوں کو فائدہ دینے کے لیے یہ سارا کھیل کھیلا جا رہا ہے جو کہ بدقسمتی ہے اور ہمارے بنیادی حقوق پر حملہ ہے۔ انھوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ فور جی پر عائد پابندی کو جلد از جلد ختم کیا جائے۔