پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعرات کو محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس اور ضلع انتظامیہ نے مشترکہ طور پر ایک ریلی کا انعقاد عمل میں لایا۔ ریلی کو ضلع ترقیاتی کمشنر، پلوامہ، ڈاکٹر بشارت قیوم نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلی ڈی سی آفس پلوامہ سے شروع ہوکر بونرا مقام پر اختتام ہوئی۔ ریلی میں مقامی اداروں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔ ریلی میں وادی کشمیر کی ثقافت کے حوالے سے بھی ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں طالبات نے وادی کی ثقافت کو نمایاں انداز میں پیش کیا۔
منتظمین کے مطابق ریلی کا مقصد جموں و کشمیر میں ہونے والے جی 20 اجلاس کے بارے میں عوام خاص کر طلبہ کو آگاہ کرنا تھا۔ ریلی میں شامل طلبہ نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’جموں و کشمیر جی 20 اجلاس کا حصہ بننے جا رہا ہے جو ہم سب کے لیے فخر کا مقام ہے اور اس حوالہ سے لوگوں میں آگاہی کی غرض سے اس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس اور ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے واکتھان کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں کشمیر کی ثقافت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر، پلوامہ، ڈاکٹر بشارت قیوم نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وادی کے دیگر اضلاع کے ساتھ ساتھ ضلع پلوامہ میں بھی جی 20 اجلاس کے سلسلہ میں عوام کو جانکاری فراہم کرنے کی غرض سے اس واک تھون کا انعقاد کیا گیا تھا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ 22 سے 24 مئی تک ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس کے سلسلے میں جموں و کشمیر خصوصاً وادی میں خصوصی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اجلاس سے قبل مرکزی حکومت کی ایک ٹیم سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جموں و کشمیر کا دورہ بھی کرے گی۔
مزید پڑھیں: G20 Walkathon in JMI جامعہ ملیہ اسلامیہ میں جی ٹوئنٹی واک تھان کا انعقاد