ریاست مہاراشٹر میں کووِڈ-19 سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے، اس وبا سے اب تک نو ہزار 318 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 400 اموات ہوچکی ہیں، حالانکہ ریاستی حکومت اس وبأ پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کرنےکا دعویٰ کررہی ہے۔
گزشتہ روز ریاستی محکمۂ صحت کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 9،318 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 400 مریضوں کی اموات درج کی گئی ہیں۔
محکمۂ صحت کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز تک ریاست میں 1،388 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کووڈ-19 سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 29،974 تک پہنچ گئی ہے۔
جبکہ تقریباً 7،027 مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور ملک بھر میں اب تک 937 مریضوں کی اموات درج کی گئی ہیں۔