ڈپٹی کمشنر روی جیوتسنا نے گلبرگہ کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرکے 2 ہزار روپئے معاوضہ کےلیے اہل افراد سے درخواستیں قبول کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ کی دوسری لہر کو روکنے کے لیے لاک ڈاون نافذ کیا گیا جس کے نتیجہ میں غریب عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ایسے میں ریاستی حکومت نے غریب افراد کو 2 ہزار کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے مستحقین افراد سے بھی اس اسکیم سے استفادہ حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایت سطح پر درخواست وصول کی جائیں گی، اس کےلیے گرام پنچایت دفتر میں ڈاٹا انٹری آپر یٹرس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔
اجلاس میں ضلع پنچایت کے سی ای او ڈاکٹر ولیش شٹی نے ڈپٹی کمشنر روی جیوتسنا کو اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر مستحق شخص تک معاوضہ کی رقم پہنچانے کےلیے اقدامات کئے جائیں گے۔ وہیں ٹریڈرس یونین اور لیبر تنظموں کے تعاون سے گلبرگہ ضلع میں اس تعلق سے بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔