ریاست جھارکھنڈ کے ضلع گملہ کے بِشُنپور تھانہ علاقہ کی نیترہاٹ وادی میں پتھر سے لدے ٹرک کے گرنے سے پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ تین شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
پولیس کو جب اس بات کی اطلاع ملی تو موقعۂ واردات پر پہنچی پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ واردات ضلع گملہ کے بِشُنپور تھانہ علاقے کی ہے جہاں آج صبح یہ واقعہ پیش آیا۔
ایسا خیال کیا جارہا ہے کہ یہ تمام لوگ ایک باکسائٹ ٹرک میں بیٹھ کر اپنے گاؤں سے بِشُنپور کی طرف جارہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد تھانہ بشنپور کی پولیس موقع پر پہنچی اور تفتیش میں شامل ہوگئی۔
واضح رہے کہ بِشُنپور بلاک کے علاقے گُردای، امتی پانی، ٹوٹوآپنی سمیت کئی باکسائٹ کانوں سے سینکڑوں کی تعداد میں باکسائٹ سرنگیں کھودی جاتی ہیں۔
علاقے کے دیہاتی اہم کاموں کے لیے باکسائٹ ٹرک میں بیٹھ کر ہی سفر کرتے ہیں۔ ان علاقوں میں مسافر گاڑیاں بہت کم تعداد میں چلتی ہیں، لیکن اس وقت وہ بھی کورونا وائرس کی وجہ سے بند ہیں۔