مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں پیر کے روز شیوسینا سے وابستہ کارکنان نے جموں پریس کلب میں بھارتی فوج کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوج اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
شیوسینا کارکنان نے فوج پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'فوج نے تمام طرح کے قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے 'ملٹری ڈائری فارم' کی گائیوں کو جموں سے منی پور پہنچا دی۔'
احتجاجی مظاہرین نے اسے ہندوں مذہبی عقائد کی صریح مخالفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'اس طرح کے اقدامات ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے جس سے ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو زک پہنچے۔'
احتجاجی مظاہرین نے جموں کے ایوان صحافت سے ایک ریلی نکالنے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شیو سینا جموں کے صدر کا کہنا تھا کہ ’’اب تک جموں سے 300گائیں منی پور پہنچائی گئیں ہیں جبکہ فوج کا مزید 400گائیں جموں سے باہر لے جانے کا منصوبہ ہے۔‘‘
انہوں نے اس اقدام پر جموں و کشمیر کی انتظامیہ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
شیو سینا جموں صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے اس ضمن میں جموں و کشمیر کی انتظامیہ کو تحریری طور آگاہ بھی کیا تاہم اس پر کسی طرح کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔