جموں: شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) جموں و کشمیر یونٹ نے جموں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سالانہ امرناتھ یاترا کے لیے مفت رجسٹریشن، مسافر گاڑیوں کے لیے ٹول چھوٹ سمیت متعدد مطالبات کے لیے حکومت کی طرف سے کوئی مثبت جواب نہ ملنے پر ملک گیر احتجاج کی وارننگ دی۔
شیوسینا (اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے) جموں و کشمیر یونٹ کی طرف سے آج جموں میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ریاستی صدر منیش ساہنی نے کہا کہ مذکورہ مطالبات کے حوالے سے جموں وکشمیر کے سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کو میمورنڈم سونپے جانے کے باوجود جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔
پارٹی ہائی کمان کی طرف سے اس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پارٹی کے قومی سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ انیل دیسائی نے تمام ریاستی اکائیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی اپنی ریاستوں میں اس رجسٹریشن وصولی کو مفت کرنے کے لیے آواز بلند کریں۔ ساہنی نے کہا کہ اگر اگلے ایک ہفتے میں ان کے مطالبات پر کوئی مثبت جواب نہیں ملتا ہے تو وہ ملک گیر احتجاج شروع کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہیں تو اس مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے شیوسینا ملک بھر میں دھرنا مظاہروں کا سلسلہ شروع کرے گی۔ ساہنی نے امرناتھ کی پہلی پوجا میں شیوسینا سمیت تمام سرگرم ہندو تنظیموں کے نمائندوں کو شامل کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری وکاس بخشی، صدر کامگار ونگ راج سنگھ، راجیش ہانڈا، منگو رام موجود تھے۔