یوم عاشورہ کے چہلم (اربعین) کے موقع پر سرمائی دارالحکومت جموں میں کورونا ایس او پیز کے پیش نظر جلوس عزا اختصار کے ساتھ انجام دیا گیا، تاہم مجالس عزا کا انعقاد روایتی طریقے پر منعقد کی جا رہی ہیں۔
کل ہند شیعہ کاؤنسل کے ترجمان سید جلال حیدر نقوی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جموں میں برصغیر کی تقسیم سے قبل بھی عاشورہ اور اربعین کے موقع پر مجالس عزا سمیت ذو الجناح کے جلوس برآمد کیے جاتے ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے گزشتہ برس کی طرح امسال بھی روایتی تقاریب اختصار کے ساتھ انجام دی گئیں۔
انہوں نے واقعہ کربلا کی نسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے اور کربلا کے پیغام کو انسانیت تک پہنچانے کے لیے پورے عالم میں شیعہ طبقے سے وابستہ افراد مجالس عزا کا اہتمام کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: موہن بھاگوت جموں کے چار روزہ دورہ پر
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بھی کربلا پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔
سید جلال حیدر نے مزید کہا کہ کربلا میں امام عالی مقام نے اپنے 72جانشینوں سمیت ظلم و جبر کا ساتھ دینے کے بجائے حق کی راہ میں جان نچھاور کرنے کو ہی ترجیح دی تھی۔