Stone Pelting on Demolition Squad: ڈی ڈی سی ممبر سمیت آٹھ افراد گرفتار - جموں ملک مارکیٹ انہدامی کارروائی پتھر بازی
جموں میں انہدامی کارروائی کے دوران پولیس اور انہدامی عملہ پر پتھراؤ کرنے اور پتھر بازی کے لیے لوگوں کو اکسانے کے الزام میں ڈی ڈی سی ممبر سمیت 8 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ DDC member 7 others Arrested in Jammu
جموں: جموں کے مَلک مارکیٹ میں ہفتہ کو تجاوزات کے خلاف جاری انہدامی مہم کے دوران انہدامی عملہ پر پتھر پھینکنے کے الزام میں جموں و کشمیر پولیس نے اب تک آٹھ افراد کو حراست میں لیا ہے جن میں ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) رکن بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ 4 فروری کو جموں ضلع انتظامیہ نے ملک مارکیٹ میں انہدامی کارروائی انجام دی جس کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا اور احتجاج میں شامل بعض افراد نے پولیس اور انہدامی کارروائی انجام دینے والے عملہ پر پتھر بازی کی جس کے نتیجے میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
پولیس نے احتجاج کے دوران مظاہرین کو منتشر کرنے اور حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے تھے۔ پولیس ترجمان کے مطابق اس واقعے کے بعد قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا تھا اور اور فوری تحقیقات شروع کی گئی۔ پولیس افسران کے مطابق پتھر بازی کے معاملے میں ملوث کئی افراد کی شناخت کی گئی جن میں سے اب تک آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پتھر پھینکنے کے علاوہ اُن لوگوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے جنہوں نے لوگوں کو پتھر پھینکنے کے لیے اکسایا تھا۔ حراست میں لئے گئے افراد میں عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ضلع ڈوڈہ کے ڈی ڈی سی ممبر معراج ملک بھی شامل ہے۔
مزید پڑھیں: PDP Protest Against Land Eviction Drive: بلڈوزر کارروائی کے خلاف پی ڈی پی نے کیا سرینگر میں احتجاج
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے سبھی اضلاع کے ڈی سیز کو اپنے اپنے اضلاع میں گورنمنٹ لینڈ پر سے عوامی قبضہ ہٹانے اور زمین اپنی تحویل میں لینے کی ہدایت جاری کی تھی۔ حکمنامہ کے بعد سبھی اضلاع میں انہدامی کارروائی انجام دی گئی، جو اب بھی جاری ہے، اور سینکڑوں کنال سرکاری اراضی پر سے عوامی قبضہ ہٹائے جانے اور تعمیرات کو منہدم کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس کی مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افراد نے سخت مذمت کی ہے۔