پلوامہ (سید عادل مشتاق شاہ): جموں و کشمیر کے پلوامہ میں بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کے دس سال مکمل ہونے پر سائیکل اور موٹر سائیکل ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقعے پر محکمہ سماجی بہبود نے آج بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کے دس سال مکمل ہونے پر ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں ضلع کے ایڈشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب ضلع پلوامہ کے ڈی سی آفس میں منعقد ہوئی جس میں محمکہ سماجی بہبود کے افسران کے ساتھ ساتھ آنگن واڑی ورکرز، ہیلپرز، سپروائزرز اور بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
اس موقعے بچیوں نے سائیکل ریلی نکالی جبکہ محمکہ کھیل کود کی جانب سے موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس کو ایڈشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد اشرف نے محمکہ سماجی بہبود کے ضلع افسر اظہر آمین کی موجودگی میں جھنڈا دیکھ کر روانہ کیا جس میں ضلع کے مختلف علاقوں میں بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ مہم کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا۔
اس موقعے پر محمکہ کے افسران نے اس مہم کے تحت حاصل ہوئی کامیابی کے بارے میں عوام کو جانکاری دی جب کہ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ نعرے کو ہر گھر تک پہنچانے پر زور دیا۔ وہیں اس موقعے پر مہم کے تحت ایک عہد بھی لیا گیا جب کہ دستخطی مہم بھی شروع کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کھادی بورڈ کی جانب سے پلوامہ میں نوجوانوں کےلئے آگاہی پروگرام
اس موقعے پر محمکہ سماجی بہبود کے ضلع افسر اظہر آمین اور ایڈشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد اشرف نے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کے دس سال مکمل ہوگئے ہیں اور اس اسکیم کے تحت ضلع پلوامہ کی بیٹیوں کو بااحتیار بنانے کے لیے کئی سارے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس مہم کو دس سال قبل شروع کیا گیا تھا اور اس مہم کے تحت بچیوں کے لئے سرکار نے کئی اسکیمیں شروع کیں۔ یہ اسکیم بچیوں کی حفاظت، تعلیم اور بااختیار بنانے کے لیے شروع کی گئیں جو آج بھی جاری ہیں۔