اونتی پورہ: جموں و کشمیر کے اونتی پورہ پولیس کی جانب سے آج آری پل علاقے میں روڈ ریس کا اہتمام کیا گیا جس میں تین سو سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی. ریلی کو ایس ڈی پی او ترال نے ہندوارہ موڑ سے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس ریس میں عاقب منظور نے پہلی، دانش دلشاد نے دوسری جبکہ بیدار فیاض نے تیسری پوزیشن حاصل کی جس کے بعد آری پل میں انعامی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ڈی ایس پی ڈے اے آر ہلال خالق بٹ، سی او 42 آر آر اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ایس ڈی پی او ترال مبشر رسول نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک شخص کو کھیل سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے کیونکہ اس سے ایک فرد میں خود اعتمادی، شخصیت، جسمانی اور ذہنی صحت کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں خاص کر طلبہ کو کھیلوں کی طرف راغب ہونا چائے اور کھیل سرگرمیوں کے ذریعہ اپنی توانائی کو صحیح سمت میں استعمال کرنا چاہئے۔ ایس ڈی پی او نے نوجوانوں پر اپنے اپنے علاقوں میں انسداد منشیات مہم کا انعقاد کرنے اور معاشرے کو منشیات سے پوری طرح پاک و صاف بنائے جانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کھیل ایونٹس نہ صرف صحت کے لئے فائدہ مند ہیں بلکہ اس سے بھائی چارے کو بھی فروغ ملتا ہے۔ پولیس اور نوجوانوں کے درمیان کھیل کود کی سرگرمیوں کی بد ولت ایک بہترین رشتہ استوار ہوتا ہے۔نوجوان کھلاڑیوں کو بھی ایک بہتر پلیٹ فارم مہیا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں دیگر اسپورٹس ایونٹ جاری ہیں اور آئندہ بھی ضلع سمیت جموں و کشمیر بھر میں مزید کھیل مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ ادھر، روڑ ریس میں شرکت کرنے والے نوجوانوں نے بھی پولیس کی کاوشوں کی سراہنا کی.
یہ بھی پڑھیں:ulwama Police Distributes Study Kits پلوامہ پولیس نے طلبہ میں اسٹیڈی کٹس تقسیم کئے