جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ پنچپورہ علاقہ میں پیر کے روز چار سالہ کمسن لڑکا، بور ویل میں ڈوبنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔ اس تناظر میں ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ، کے کے سدھا نے واقعہ سے متعلق تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
حکمنامہ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ معاملہ کی ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ محکمہ جیولوجی اینڈ مائیننگ نے مذکورہ جگہ پر کافی وقت قبل ایک بور ویل کھودا تھا جسے ڈھانپے بغیر ہی کھلا چھوڑ دیا گیا ہے، جس کے سبب ایک قیمتی جان ضائع ہو گئی۔
سب ڈویثرنل مجسٹریٹ بجبہاڑہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس معاملہ کی گہرائی سے تفتیش کریں اور دس روز کے اندر تفصیلی رپورٹ ڈی سی دفتر میں پیش کریں۔
واضح رہے کہ پیر کے روز ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ پنچپورہ علاقہ میں چار سالہ کمسن لڑکا مزمل احمد شیخ ولد غلام حسن شیخ سائیکل پر سوار ہونے کے دوران حادثاتی طور بور ویل میں گر کر ہلاک ہو گیا تھا۔